صحافیوں نے عوامی مسائل کو بہت اچھے طریقے سے پیش کیا:منظوروسان

حیدرآباد: صوبائی وزیر جیل خانہ جات ، اینٹی کرپشن ، انکوائیریز اور معدنیات منظور حسین وسان نے ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈو محمد خان میں ایک کھلی کچہری منعقد کی ۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پارٹی کے شریک چیئرمین کی ہدایت کے تحت ہر ضلع میں صوبائی وزرا کھلی کچہریاں منعقد کرکے عوام کے مسائل کے حل کے لیے رپورٹ پیش کریں گے تاکہ عوام کے مسائل بلا تاخیر ان کی دہلیز پر حل ہو ں ۔انھوں نے کہا کہ یہاں پر مسائل ضرور ہیں لیکن بے روز گاری سب سے بڑا مسئلہ ہے اور بہت جلد یو سی سطح پر اہل بے روز گار افراد کو روز گار دیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان میں نکاسی وفراہمی آب کے مسائل جلد حل کیے جائے گے ۔اس موقع پر انھوں نے ٹنڈو محمد خان ضلع میں جیل کے قیام کااعلان کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان کے صحافیوں نے عوامی مسائل کو بہت اچھے طریقے سے پیش کیا ہے ، اس لیے ٹنڈو محمد خان میں ایک صحافی کالونی کے قیام کا اعلان کیا اور امید ظاہر کی کہ صحافی مستقبل میں بھی حکومت کے سامنے مسائل پیش کرتے رہیں گے ۔قبل ازیں پی پی ضلع ٹنڈو محمد خان کے صدر حاجی محمد امین لاکھو ، اراکین صوبائی اسمبلی عبدالکریم سومرو ، اعجاز حسین شاہ بخاری ،محمد نواز چانڈیو و دیگر رہنما ں و کارکنان نے صوبائی وزیر کو ضلع ٹنڈو محمد خان کے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا ، جن کے حل کے لیے صوبائی وزیر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ مسائل کے حل کے لیے بہت جلد ایک جامع رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی ۔

Latest from Blog