وزیر صحت و بلدیات سندھ کا ڈیوٹی میں غفلت برتنے اور غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹروں کے خلاف نوٹس

کراچی:  سندھ کے وزیر صحت و بلدیات سید اویس مظفر نے محکمہ صحت میں ڈیوٹی پر نہ آنے والے9 ڈاکٹروں کو معطل جبکہ 11 ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی ۔ معطل کئے جانے والے 9 ڈاکٹروں کے کیس نیب اور اینٹی کرپشن میں بھی بھیجے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، یہ ڈاکٹرز گذشتہ 3 سے 4 سال سے اپنی ملازمتوں سے غیر حاضر تھے اور حکومتی خزانے سے تنخواہیں بھی وصول کررہے تھے،شوکاز دئیے جانے والے11 ڈاکٹروں پر ڈیوٹیوں سے غفلت برتنے کا الزام ہے۔ وزیر صحت سید اویس مظفر نے سیکرٹری صحت سندھ کو ہدایات دی ہیں کہ محکمے کے ڈاکٹروں سمیت دیگر تمام ملازمین اپنے پیشہ وارانہ امور کو تندہی سے انجام دیں بصورت دیگر سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ غفلت برتنے والے افسران اور ملازمین کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ذوالفقارطیاراور ڈاکٹر عاشق بھٹو کو کرپشن کی بنیاد پر ان کے کیس کی انکوائیری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔دریں اثنا وزیر صحت سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ محکمے میں احتسابی عمل شروع کردیا گیا ہے۔ تمام افسران اور ملازمین کی تصدیق بھی کی جائے گی، جس کے لئے ایک چار رکنی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب تک محکمہ صحت میں مجموعی طور پر 59ڈاکٹروں کی معطلی کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں اور اب بھی جو ڈاکٹر اپنی ڈیوٹیوں پر نہیں آئیں گے یا کسی بھی کرپشن میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم محکمہ صحت میں کرپشن کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں ضرورت پڑنے پر سندھ اسمبلی میں قانون سازی بھی کی جائے گی۔

Latest from Blog