پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر عمران خان 61برس کے ہوگئے

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر اور سابق کپتان عمران خان61برس کے ہوگئے ۔ پاکستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب کپتان عمران خان1952میں لاہورمیں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے فرسٹ کلاس کیرئیرکا آغازصرف سولہ سال کی عمرمیں کیا۔عمران خان نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیوانیس سال کی عمرمیں انگلینڈ کیخلاف برمنگھم میں کیا۔ جبکہ ان کا ون ڈے ڈیبیو تین سال بعد انگلینڈ ہی کیخلاف ہوا۔ عمران خان کا کیرئیردوعشروں پرمحیط رہا۔ انہوں نے اپنے کیرئیرکا آغازبالرکی حیثیت سے کیا اوربہت جلد بیٹسمینوں کیلئے دہشت کی علامت بن گئے۔ عمران نے بیٹنگ میں بھی اپنا لوہا منوایا، ان کا شماردنیا کے بہترین آل راﺅنڈرزمیں ہوتا تھا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تین ہزاررنزاورتین سووکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے آٹھویں آل راﺅنڈرہیں۔1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی جیت کا سہرا بھی عمران خان کے سرجاتا ہے جنہوں نے زخمی ہونے کے باوجود ٹیم کی کمان سنبھالی اورآسٹریلیا کی سرزمین پرپاکستان کوپہلی بارورلڈ چیمپئن بنوادیا۔عمران نے 175ون ڈے میچزمیں تین ہزارسے زائد رنزبنائے اورایک سوبیاسی کھلاڑیوں کوشکارکیا۔ 1982میں عمران خان نے قومی ٹیم کی قیادت سنبھالی۔ پاکستان نے ان کی قیادت میں اڑتالیس ٹیسٹ کھیلے، چودہ جیتے، آٹھ ہارے جبکہ چھبیس ڈراکئے۔ ان کی قیادت میں کھیلے گئے ایک سوانتالیس ون ڈے میں سے پاکستان نے ستترمیں فتح سمیٹی۔عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ اوربھارت کی سرزمین پرپہلی بارسیریزجیتیں۔ عمران خان فاسٹ بالرکی حیثیت سے انیس سوبیاسی میں بام عروج پرتھے، اس سال انہوں نے نو ٹیسٹ میچوں میں باسٹھ وکٹیں اپنے نام کیں۔ عمران خان نے پاکستان کوکرکٹ کا عالمی چیمپئن بنواکرایسا کارنامہ انجام دیا جوصدیوں یاد رکھا جائیگا۔

Latest from Blog