سوات گالف کورس 21 سال بعد دوبارہ کھول دیا گیا

سوات: 21سال تک بند رہنے والے سوات کے کبل گالف کورس کو دوباہ کھول دیا گیا ۔ کبل میں آج (جمعرات )سے کلب کی تاریخ کے پہلے اوپن ٹورنامنٹ کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں 27 سینئر پروفیشنل اور 54 پروفیشنل سمیت 200 گالفر شریک ہوں گے۔ اس موقع پر سوات کے ڈپٹی کمشنر امتیاز حسین نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کیلیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ خیبر پختونخوا گالف ایسوسی ایشن کے سیکریٹری کرنل (ر) شہادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امتیاز حسین نے بتایا کہ 1964 میں سابق گورنر اور سوات کے ولی، میاں گل اورنگزیب کی جانب سے تعمیر کردہ گالف کلب نے 1992 تک متعدد ٹورنامنٹس کی میزبانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے کچھ سالوں سے علاقے میں شدت پسندی اور دیگر مسائل کے باعث یہاں قومی سطح کا کوئی بھی ایونٹ منعقد نہیں ہوسکا لیکن اب کلب کو فوج کی مدد سے بحال کر دیا گیا ہے۔ امتیاز نے بتایا کہ تین دن تک جاری رہنے والے اس ایونٹ سے وادی میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر کرنل شہادت نے بتایا کہ کبل میں ملک کا سب سے بڑا گالف کورس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ گالف کورس ماضی کی طرح کھیل کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتا رہے گا۔

Latest from Blog