پرنسپل کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر استانی انتقال کرگئیں

کراچی: سول ایوی ایشن اسکول کی ٹیچر پرنسپل کی ڈانٹ سے دل برداشتہ ہو کر انتقال کرگئیں، جس پر سول ایوی ایشن اسکولوں کے اساتذہ نے مظاہرہ اور احتجاج کیا۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پرنسپل کے خلاف کارروائی کی جائے۔ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد اساتذہ نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا، تاہم اساتذہ نے خبردار کیا ہے کہ اسکول ایڈمنسٹریٹر اور پرنسپل کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تووہ ہڑتال کردیں گے۔کراچی کے اولڈ ایئرپورٹ روڈ پردھرنا دینے والی سول ایوی ایشن اسکول کی استانیوں نے ایڈمنسٹریٹر اور پرنسپل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرنسپل کی سرعام ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر ان کی ساتھی ٹیچر انتقال کرگئیں۔مرحومہ شہناز افضل کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ پرنسپل عطیہ کمال نے ظلم کی انتہا کردی۔ وہ انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ اساتذہ کے احتجاج نے شدت اختیار کی تو ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن خاور حسین ایکشن میں آئے اور مظاہرین کو تحقیقات کی یقین دہانی کرائی۔ تین گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے احتجاجی دھرنے کے سبب سی اے اے اسکولوں میں تدریسی عمل معطل رہا۔ڈی ڈی سول ایوی ایشن کی یقین دہانی پر اساتذہ نے احتجاج ختم تو کردیا تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایڈمنسٹریٹر اور پرنسپل کے خلاف کارروائی نہ کی تو وہ اپنا احتجاج دوبارہ شروع کردیں گی اور اسکولوں میں ہڑتال کی جائے گی۔

Latest from Blog