مصباح الحق نے تیسرے ون ڈے میں کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کرلئے

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے تیسرے ون ڈے میں 79 رنز بنا کر کئی ریکارڈ توڑ دیئے۔ کپتان نے رواں سال نصف سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ توڑ دیا جبکہ عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔ سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ یونس خان جبکہ عالمی ریکارڈ گیری کرسٹن اور سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا۔ سینچورین میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں بلے بازوں کے فلاپ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 79 رنز کی اننگز کے دوران کئی سنگ میل عبور کئے اور کئی منزلوں کے قریب پہنچ گئے۔ مصباح الحق نے رواں سال تیرہ نصف سنچریاں سکور کرکے سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ قبضے میں کیا جبکہ عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔ قومی ریکارڈ یونس خان کے پاس جبکہ عالمی ریکارڈ کے مالک گیری کرسٹن اور سچن ٹنڈولکر تھے۔ مصباح الحق سال میں ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بھی دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ٹاپ پوزیشن پر موجود ویرات کوہلی سے چودہ رنز کی دوری پر ہیں۔ مصباح سال میں چوبیس چھکے لگا کر سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ جارج بیلی اور روہت شرما تیس چھکوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

Latest from Blog