سچن ٹنڈولکر ساﺅتھ ایشیا میں یونیسیف کے برانڈ ایمبسیڈر مقرر

ممبئی: سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر اقوام متحدہ کی عالمی تنظیم یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کے برانڈ ایمبسیڈر مقرر کردیے گئے۔ ٹنڈولکر ساﺅتھ ایشیا ریجن کیلئے پہلے برانڈ ایمبیسڈر ہوں گے۔ ٹنڈولکر خطے میں صحت و صفائی کے فروغ کے حوالے سے کام کریں گے۔ انہیں دو برس کیلئے خطے کا ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹنڈولکر نے اپنے بیان میں کہا کہ یونیسیف کا ایمبیسڈر مقرر ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یونیسیف نے مجھے کرکٹ کے بعد زندگی کی دوسری اننگز شروع کرنے کا موقع دیا ہے جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں اور میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق اس ادارے کی خدمت کروں گا۔ یہ میری اہم اننگز ہو گی اور اس میں بھی کامیاب ہونے کیلئے میں ہر ممکن اقدامات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ پوری دنیا میں 36 فیصد آبادی بیت الخلاءکی صفائی نہیں کرتی جس سے بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

Latest from Blog