عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کیخلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے: شبیر شاہ

سری نگر(پی پی آ ئی)بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند سینئر رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا موثر نوٹس لے۔کشمیر میڈیا کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے معصوم شہریوں کو قتل کر رہی ہیں۔انہوں نے راجوری میں شہریوں کے قتل کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیااور کہا کہ بھارتی فوج اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے لوگوں کو قتل کرنے کا ایک خوفناک ٹریک ریکارڈ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اسلام آباد کے علاقے چھٹی سنگھ پورہ میں 35 سکھوں کا قتل اور وندھامہ میں 23 پنڈتوں کی ہلاکتیں اس بات کی واضح مثالیں ہیں کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے علاقے میں اقلیتی برادری کے افراد کا خون بہارہا ہے۔شبیر احمدشاہ نے راجوری کے ڈانگھری گاؤں میں حالیہ ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دراصل ان ہلاکتوں کی آڑ میں علاقے میں بی جے پی کارکنوں کو مسلح کرنے کے لیے ایک میدان تیار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈانگھری واقعے کے بعد بھارتی فوجیوں نے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران درجنوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکیا ہے اور انکی بلا جواز گرفتار کا جواز پیدا کرنے کے لیے انہیں عسکریت پسند قرار دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔

Next Post

انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرکا میر واعظ کی گھر میں مسلسل نظر بندی پر اظہار تشویش

Sat Jan 14 , 2023
سری نگر(پی پی آ ئی)بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمرفاروق کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر شدید تشویش کا اظہار کیاہے۔کشمیر میڈیا کے مطابق انجمن اوقات جامع مسجد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق گزشتہ تین برس سے زائد عرصے سے […]