حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی جلدبحالی چاہتی ہے

آئی ایم ایف کے بہت سے تحفظات دور کردیے گئے ہیں: عائشہ غوث پاشا
اسلام آ باد(پی پی آ ئی) وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کی جلدبحالی چاہتی ہے، آئی ایم ایف کے بہت سے تحفظات دور کردیے گئے ہیں۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ کے دوران عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان بحرانی صورت حال سے گزر رہا ہے، پاکستان کو ایک طوفان کا سامنا ہے، حکومت کے پاس روڈ میپ اور پلان ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے فنڈز کے حصول میں بہتری آئے گی، جنیوا کانفرنس میں بھی اچھے خاصے وعدے کیئے گئے ہیں، موجودہ حکومت کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ورثے میں ملا، ڈالر ریٹ بڑھنے کی وجوہات سب کے سامنے ہیں، ہمیں حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے، ڈیفالٹ اس وقت ہوتا ہے جب ریاست ذمہ داری پوری نہ کرے، ایل سیز نہ کھلنے کا مطلب ڈیفالٹ نہیں، مسائل ضرور ہیں لیکن کوئی ڈیفالٹ نہیں ہوا،نہ ہوگا، اپنے وسائل کے اندر رہ کر گزارہ کرنا ہوگا۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے عام آدمی پر زیادہ بوجھ نہ پڑے اور صاحب ثروت لوگوں پر زیادہ بوجھ ڈالا جائے۔ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ آج بھی غیر ضروری درآمدات ہو رہی ہیں، پاکستان کی 33 فیصد درآمدات پیٹرولیم کی ہیں، ہم نے شاید کوئی سبق نہیں سیکھا، لوگ استعمال میں کمی نہیں کر رہے، ہم نے پہلے ہی غیر ضروری اخراجات میں 30 فیصد کمی کر دی ہے۔

Next Post

مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے: پاکستان

Thu Jan 19 , 2023
اسلام آ باد(پی پی آ ئی) پاکستان نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکرات کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموو کشمیر میں 5 اگست 2019 کے اقدامات واپس لینا بہت اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے زور دیا کہ […]