آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا پانچواں معرکہ آج سڈنی میں سجے گا

سڈنی: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچز کی ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ آج (جمعہ) سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ کینگروز سیریز میں کلین سوئپ اور انگلش ٹیم بقا کی جنگ لڑنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ انگلینڈ کے لئے حالیہ ایشیز سیریز ڈراونا خواب بن گئی ہے۔پے در پے ناکامیوں نے انگلش ٹیم کے ہوش اڑادیئے ہیں۔ انگلینڈ کے لئے اب ایشز میں کلین سوئپ بچانے کے لالے پڑگئے ہیں۔ اب آخری معرکے کے لئے سڈنی میں میدان سجے گا۔ انگلینڈ ساکھ بچانے کی پوری کوشش کرے گا۔ادھر آسٹریلیا 2006کے بعد ایشیز سیریز میں وائٹ واش کے لئے میدان میں اترے گا۔ انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ جیت کر میزبان ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں سے تیسرے نمبر پر آجائے گی۔فاسٹ بولر مچل جونسن کے پاس پانچ میچز کی ایشز میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ مچل جونسن چار میچز میں اکتیس شکار کرچکے ہیں۔ مائیکل کلارک آخری ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کو ایشیز میں کلین سوئپ کرنے والے تیسرے کپتان بن سکتے ہیں۔

Latest from Blog