دنیائے کرکٹ میں ’سیون اسٹار لیگ‘ کے نام سے نئے میلے کا آغاز

ممبئی: دنیائے کرکٹ میں ایک اور ‘سیون اسٹار’ ایونٹ کا اضافہ ہونے والا ہے، 7 ممالک کے 7 کھلاڑیوں پر مشتمل سیون پی ایل مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ٹیموں کو متحدہ عرب امارات کی 7 ریاستوں کے ناموں پر تشکیل دیا جائے گا، ایک بھارتی سیاستدان کی ایونٹ کو سپورٹ حاصل ہے، انہی کے نئے اسپورٹس چینل پر ٹورنامنٹ نشر ہوگا۔رواں ہفتے لانچ ہونیوالے اس ایونٹ کے برانڈ ایمبیسڈر مہندرا سنگھ دھونی ہوں گے، پاکستانی پلیئرز بھی کسی ایک ریاست کے جھنڈے تلے کھیلیں گے۔اطلاعات کے مطابق مصروف ترین عالمی کرکٹ شیڈول میں ایک نئے ایونٹ کا اضافہ ہونیوالا ہے، جس کے ساتھ بھارت کے ایک بڑے سیاستدان کا تعلق بتایا جارہا ہے۔ ان کا بی سی سی آئی پر بھی کافی اثر رسوخ ہے، انہی سیاستدان کا چینل 24/7 اسپورٹس جلد ہی لانچ ہونیوالا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسی پر نیا ٹورنامنٹ بھی نشر ہوگا، یہ یو اے ای کے کارپوریٹ اداروں کے تعاون سے منعقد ہوگا، اس کی لانچنگ رواں ہفتے ہونی ہے، برانڈ ایمبیسڈر دھونی سریش رائنا کے ہمراہ دبئی جائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں خلیج کے بڑے ادارے کے ساتھ رہتی اسپورٹس بھی شریک ہے، یہ دراصل دھونی کے دوست کی فرم اور اس میں بھارتی کپتان کا بھی حصہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہوسکتا ہے، اس میں ان پلیئرز کو شامل کیا جائے گا جو آئی پی ایل نیلامی میں فروخت نہیں ہوپائیں گے، اس ایونٹ میں سات ممالک پاکستان، بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور یو اے ای شامل ہوں گے، ٹیمیں عرب امارات کی سات ریاستوں کے ناموں سے کھیلیں گی، ایک تجویز یہ بھی ہے کہ سال کے اختتام پر چیمپئنز لیگ کی طرح سیون پی ایل چیمپئنز ٹرافی بھی منعقد کی جائے مگر ابھی اس منصوبے کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔

Latest from Blog