آخری ٹیسٹ میں شکست سے بچنے کیلئے شاہینوں کا بھرپور پریکٹس سیشن

شارجہ: دبئی ٹیسٹ میچ میں شکست کا بدلہ چکانے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کاشارجہ میں تیسرے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے بھر پور پریکٹس سیشن جاری ہے۔ آخری ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد پاکستان کی رینکنگ مزید کم ہو سکتی ہے۔پاکستانی ٹیم شارجہ میں مختصر پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کھلاڑی کوچ ڈیو واٹمور کی زیر نگرانی بیٹنگ، بولنگ اور خاص کر فیلڈنگ میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتے رہے ۔ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے پلئینگ الیون میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔ طویل عرصے سے اسکواڈ میں موجود اسپنر عبدالرحمان کو فائنل الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ واٹمور نے سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ گنوانے کی وجہ ٹاس ہارنے کو قرار دیا۔ کوچ کے مطابق سعید اجمل کو احتیاط سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ سیریز کے آخری میچ میں گرین شرٹس کی ہار اسے عالمی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن سے بھی محروم کر سکتی ہے۔ قومی ٹیم کو تنزلی کا سفر روکنے کے لیے سیریز کا آخری میچ جیتنا یا ڈرا کرنا ہو گا۔ ادھر دبئی ٹیسٹ کے فاتح آئی لینڈرز آخری میچ بھی جیتنے کے لیے پر عزم ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ آج(جمعرات) شارجہ میں شروع ہو گا۔

Latest from Blog