سوچی اولمپکس: دہشت گردی کی دھمکی پر امریکا کی روس کو تعاون کی پیشکش

ماسکو: روسی جمہوریہ داغستان کے علیحدگی پسندوں کی جانب سے جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں دھمکی دی گئی ہے کہ وہ سوچی شہر میں ہونے والی سرمائی کھیلوں کے دوران حملے کر سکتے ہیں۔ امریکا نے روس کو عملی تعاون کی پیشکش کی ہے۔ روس کے انسداد دہشت گردی کے حکومتی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ ونٹر اولمپکس کو نشانہ بنانے والی ایک ویڈیو کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ ونٹر اولمپکس پر حملے سے متعلق یہ ویڈیو گز شتہ روز ریلیز کی گئی تھی۔ اسی گروپ نے روسی شہر وولگو گراڈ میں دو خود کش بم حملوں میں 34 افراد کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ دوسری جانب روس کے سکیورٹی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ انتہا پسندوں کی دھمکی کو پوٹن حکومت جس سنجیدگی سے لیا ہے، وہ درست اور صحیح فیصلہ ہے۔جہادیوں کے لیڈر ڈوکو عمروف نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوچی ونٹر اولمپکس پر حملے کے لیے تیار رہیں، سرمائی کھیلوں پر حملے کی دھمکی شمالی قفقاذ میں واقع مسلمان آبادی پر مشتمل روس کی شورش زدہ جمہوریہ داغستان کے انتہا پسندوں نے آن لائن جاری کی تھی۔ روس میں منعقد کیے جانے والے سرمائی اولمپکس کا میزبان شہر سَوچی شورش زدہ ریاست داغستان کے مغرب میں 500 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ اس ویڈیو کے حوالے سے ماسکو کے ایک ادارے کے سکیورٹی تجزیہ کار آندری سولڈاٹوف کا کہنا ہے کہ روسی حکومت کا سرمائی کھیلوں کے لیے دھمکی کو سنجیدگی سے لینا بہت اہم فیصلہ ہے۔ روس کے مشرق وسطیٰ کے امور کے معروف تجزیہ کار گیورگی میرسکی کا خیال ہے کہ قفقاذ کے جہادیوں نے مشرق وسطیٰ کے سرگرم جہادیوں کے ساتھ گہرے روابط استوار کر لیے ہیں اور یہ تشویش کی بات ہے۔ ادھر سرمائی کھیلوں کے حوالے سے سامنے آنے والی دھمکی اور روسی کی جانب سے سکیورٹی معاملات کو مزید تقویت بخشنے کے تناظر میں امریکی فوج کے صدر دفتر پینٹاگون کے ترجمان نے روسی حکومت کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔ ترجمان ریئر ایڈمرل جان کِربی کا کہنا ہے کہ امریکا روس کو سرمائی کھیلوں کے دوران ہوائی اور سمندری امداد دینے پر تیار ہے۔ کربی کے مطابق امریکا کے دو جنگی جہاز کھیلوں کے دوران بحیرہ اسود میں تعینات کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی ترجمان کے مطابق اِس حوالے سے روسی درخواست کا انتظار کیا جائے گا۔

Latest from Blog