مسلم لیگ ن کے تابوت میں یہ جلسہ آخری کیل ثابت ہوگا: پر ویز الٰہی
لاہور(پی پی آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ مینار پاکستان میں اتوار کا جلسہ ملکی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا،مسلم لیگ ن کے تابوت میں یہ جلسہ آخری کیل ثابت ہوگا۔تفصیلات کے مطابق مرکزی صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی سے سیاسی شخصیات کی ملاقات ہوئی ہے،جن میں اوورسیز پاکستانی اقبال اولکھ، واسع خان، شیخ عمر، کنول نسیم ودیگر شریک تھے۔اس موقع پر ان کا پر ویز الٰہی نے کہا کہ، تحریک انصاف کی کامیاب ریلی کے بعد ن لیگ کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، ریلی میں کارکنوں کا جوش وجذبہ اور تاریخی استقبال قابل دید تھا۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھا کہ ن لیگ کی ہرکارستانی الٹی پڑ رہی ہے، توشہ خانہ اس کی بڑی مثال ہے،لاہور ہائیکورٹ نے 1990 تا2001 توشہ خانہ کا ریکارڈ طلب کرلیا، 90 تا2001 توشہ خانہ کا ریکارڈ کھل گیا تو ان کو سمجھ آ جائے گی،شریف فیملی کے چاروں طبق روشن ہو جائیں گے،شریف فیملی نے 90 تا2001 توشہ خانہ کو ذاتی خزانہ بنائے رکھا۔صدر پی ٹی آئی نے کہاکہ نوازشریف کے اور بھی راز کھل سکتے ہیں، کیا کیا لیا اور کس کس کو دیا۔