ذکاءاشرف بحالی کیس ،سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کی بحالی کے معاملے پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی ۔عدالت عظمی کے 2 رکنی بینچ کے روبرو حکومتی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے صرف ذکاءاشرف کو بحال کیا، عبوری کمیٹی کے ایس آر او کو معطل نہیں کیا۔ججز نے کہا کہ عبوری کمیٹیاں صرف خلاءپر کرنے کیلئے بنائی جاتی ہیں، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد عبوری کمیٹیاں خود بخود ختم ہوگئیں۔عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ ذکاءاشرف کی تعیناتی بھی ایس آر او کے تحت ہوئی تھی، ایسا مان لیا جائے تو چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی بھی غیر قانونی ہو جائے گی۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ ان ایس آر اوز کی کیا اہمیت ہے، آئندہ سماعت پر بتائیں کہ یہ ایس آر اوز کن قوانین کے تحت جاری ہوئے۔عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے پاس اختیار ہے کہ وہ چیئرمین پی سی بی کو ہٹا سکے، جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ حکومت کے پاس اختیار ہے تو اپیل کیوں دائر کی؟ہدایات لے لیں کہ اپیل کی پیروی کرنی ہے یا اختیار استعمال کرنا ہے، کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی ۔

Latest from Blog