لاہور( پی پی آئی)ٹی 20 چیمپئنز لیگ میں فیصل آباد وولفز کی شرکت پر بھارتی بورڈ نے پاکستان کو واضح یقین دہانی کرانے سے انکار کر دیا۔ بھارتی بورڈ نے پی سی بی کو رواں ماہ کے آخر تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے صورتحال دیکھتے ہوئے ویزے کیلئے پاسپورٹ جمع کرانے کا ارادہ موخر کر دیا۔ ایونٹ کے میچز 17 ستمبر سے 6 اکتوبر تک بھارت میں ہونے ہیں۔ سرحدی کشیدگی نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات بگاڑ دئیے ہیں جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم فیصل آباد وولفز کی ایونٹ میں شرکت غیر یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دو روز قبل پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تو اس نے واضح طور پر کہا کہ اس بارے میں ہماری حکومت ہی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔