ایتھلیٹکس چیمپئن شپ:3000میٹر ریس کینیا کے ایزیکیل کیمبوئی نے جیت لی

ماسکو( پی پی آئی)ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تین ہزار میٹر ریس کینیا کے ایزیکیل کیمبوئی نے جیت لی۔ چار سو میٹر ریس ٹرنیڈاڈ اینڈ ٹوباکو کے جیہو گورڈون کے نام رہی۔روس کے شہر ماسکو میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مینز چار سو میٹر ریس میں ٹرنیڈاڈ اینڈ ٹوباکو کے جیہو گورڈون نے امریکہ کے مائیکل ٹینسلے کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے پہلے فنشنگ لائن عبور کی۔ گورڈون نے مقررہ فاصلہ سنتالیس اعشاریہ چھ نو سیکنڈر میں طے کیا۔مردوں کی تین ہزار میٹر کی ریس میں کینیا کے ایزیکل کیمبوئی سب سے نمایاں رہے۔ انہوں نے ریس کے آغاز میں برتری حاصل کی اور مقررہ فاصلہ آٹھ منٹ چھ اعشاریہ صفر ایک سیکنڈز میں طے کرکے کامیابی حاصل کرلی۔ خواتین کی چار سو میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں چیک ری پبلک کی زوزانا ہیجنووا نے امریکہ کی ڈالیلاح محمد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گولڈ میڈل سینے پر سجایا۔ چیک کھلاڑی نے تیز رفتار دوڑتے ہوئے مقررہ فاصلہ باون اعشاریہ آٹھ تین سیکنڈز میں مکمل کیا۔ خواتین کے پندرہ سو میٹر دوڑ میں سوئیڈن کی ابیبا اریگاوی اور امریکہ کے جنیفر سیمسن کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ ابیبا نے مقررہ فاصلہ چار منٹ، دو اعشاریہ چھ سات سیکنڈز کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ مینز ہائی جمپ ایونٹ میں یواکرائن کے بوہدان بوندارینکو نے دو اعشاریہ چار ایک میٹر اونچی جمپ لگا کر سونے کا تمغہ جیتا۔ قطر کے موتاز ایسا دوسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی ٹرپ جمپ مقابلے میں کولمبیا کی سیٹرین ابرگین فاتح رہیں۔ انہوں نے چودہ اعشاریہ آٹھ پانچ میٹر طویل جمپ لگا کر گولڈ میڈل سینے پر سجایا۔

Latest from Blog