آئی پی ایل کے ہر میچ میں فکسنگ ہوتی ہے : وندودارا سنگھ

نئی دہلی: بھارتی اداکار وندودارا سنگھ نے انکشاف کیا ہے انڈین پریمئر لیگ میں سب کچھ فکس ہوتا ہے ٹیموں کے مالکان سے لے کر بالی وڈ اداکاروں تک سب لوگ شرطیں لگا کر میچ فکس کرتے ہیں۔ بھارتی سیاستدانوں نے کرکٹ بورڈ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا۔بھارتی ٹی وی چینل کے خفیہ آپریشن کے دوران اداکار وندودارا سنگھ کا کہنا تھا عام بکیوں کے علاوہ آئی پی ایل ٹیموں کے مالک بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی نے نہ صرف میچ فکسنگ شروع کی بلکہ لاکھوں ڈالر بھی کمائے۔ یونین منسٹر شرد پوار للت مودی کو سپورٹ کرتے تھے۔ وندو سنگھ کا کہنا تھا آئی پی ایل ٹیم کنگ فشر کے مالک وجے مالیا نے آئی پی ایل میں شرطیں لگا کر 200 کروڑ کمائے۔ وندو دارا سنگھ نے خود بھی میچ فکسنگ کا اعتراف کیا۔ ان کا کہنا تھا پردہ اٹھے گا تو بڑے بڑے نام سامنے آ جائیں گے۔ بھارتی میڈیا کے خفیہ آپریشن کے بعد آئی پی ایل میں میچ فکسنگ پر رپورٹ تیار کرنے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس مدگال کا کہنا تھا سارے معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیں۔ جسٹس مدگال کا کہنا تھا میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کبھی بند نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے رپورٹ پیش کر دی ہے حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔ اداکار وندو دارا سنگھ کے انکشافات کے بعد بھارتی سیاسی رہنماوں اور شہریوں نے آئی پی ایل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما یشونت سنہا کا کہنا تھا بی سی سی آئی کو بین کر دینا چاہیے کیوں کہ یہ کرکٹ فکسنگ کا بہت بڑا اڈا بن گیا ہے۔

Latest from Blog