پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاوید میانداد کا استعفیٰ منظور کرلیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاوید میانداد کا بطور ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے استعفیٰ منظور کرلیا ہے جبکہ بورڈ کے آئین پر نظر ثانی کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔ لاہور میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائرکٹر جنرل کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے، پی سی بی کے آئین پر نظرثانی کی ضرورت ہے جس کے لئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں ملازمت کے لیے خواتین اور معذور افراد کا 5 فیصد کوٹہ رکھا جائے گا، کمیٹی کو بگ تھری کے معاملے پر بریفنگ دی گئی جس کے بعد متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا اس پر مشاورت جاری رکھی جائے گی تاکہ ملک اور کرکٹ بورڈ کے مفاد میں فیصلہ کیا جاسکے۔ سبحان احمد کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عبوری کمیٹی کے اراکین 14 مارچ سے قبل استعفیٰ دے کر پی سی بی کے الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں تاہم جو اراکین مقررہ تاریخ سے قبل اپنا استعفیٰ نہیں دیتے وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ مختلف ریجنز کے کھلاڑیوں کی کوچنگ اور ٹریننگ کے لئے 4 زونز بنائے جائیں گے جن میں سابقہ کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں فکسنگ سے متعلق رپورٹ تیار کر لی گئی ہے اور جیسے ہی رپورٹ ہمیں ملے گی ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کے کنٹریکٹ ملازمین سے متعلق آج کے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا تاہم اس حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔

Latest from Blog