خیبر ایجنسی : پولیو ٹیم کے قافلے پر بم حملہ، خاصہ دار اہلکاروں سمیت 11افراد جاں بحق

خیبر ایجنسی: خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں پولیو ٹیم کے قافلے کے قریب بم دھماکے میں خاصہ دار فورس کے اہلکاروں سمیت 11 جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ادھر پشاور میں سیکورٹی فورسز نے مبینہ خود کش حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے لاشوڑا میں پولیو ٹیم ورکرز سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ علاقے میں بچوں کو پولیو ویکسین پلا رہے تھے کہ ان کے قافلے کے قریب یکے بعد دیگرے تین بم دھماکے ہوئے جس سے خاصہ دار فورس کے متعدد اہلکار زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں خاصہ دار ، رضاکار ، اور پولیو ورکرز بھی شامل ہیں۔پولیٹیکل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق دھماکے پہلے سے نصب شدہ بم کے ذریعے کئے گئے۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔دوسری جانب پشاور میں سیکورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران خودکش حملہ آور کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا ، خودکش حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کے مطابق خودکش حملہ آور نے پولیو ورکرز کو نشانہ بنانا تھا۔

Latest from Blog