اسلام آباد کچہری واقعہ پر پورے ملک میں وکلاءیوم سیاہ منائیں گے

اسلام آباد: اسلام آباد ایف ایٹ کچہری میں دہشتگردی کے المناک واقعے پر اسلام آباد بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کونسل نے آج (منگل )ملک بھر میں یوم سوگ، یوم سیاہ اور ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل رمضان چوہدری اور سپریم کورٹ بار کونسل صدر کامران مرتضیٰ نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اسلام آباد واقعہ پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے اور منگل کو مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ملک بھر کی عدالتوں اور وکلاءسے اپیل کی ہے کہ اس ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے اور اس کی بھرپور طریقے سے اس کی مذمت کی جائے۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار اور کچہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ رمضان چوہدری نے کہا کہ ایک عرصے سے وکلاءاور ججز کو دہشتگردوں کی جانب سے واضح دھمکیاں دی جا رہی تھیں تاہم حکومت نے اس حوالے سے ان کی سکیورٹی کے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری طور پر اسلام آباد اور دیگر شہروں میں قائم عدالتوں اور وکلاءچیمبرز میں سکیورٹی کو بہتر بنائیں جبکہ سپریم کورٹ بار کے صدر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حملے میں شہید ہونے والے وکلاءکے ورثاءکو معاوضے کی ادائیگی کی جائے اور وکلاءاور ججز کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ ادھر ملک بھر کے وکلاءنے بھی عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ وکلاءنے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کھلی دہشتگردی کیخلاف منگل کو عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے وکلاءیوم سیاہ منائینگے۔

Latest from Blog