ٹریفک قوانین پر عمل کر کے ٹریفک حادثات میں اموات کی شرح کوکم کیا جا سکتاہے: مراد علی شاہ

حیدرآباد: صوبائی مشیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم ٹریفک قوانین پر عمل کر کے ٹریفک حادثات کی شرح اموات کم کرسکتے ہیں ،دہشت گردی میں ہلاک ہونے والوں سے 4 فیصد سے زیادہ افراد سالانہ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہو جاتے ہیںجو کہ باعث تشویش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج مہران انجینیرنگ یونیورسٹی جامشورو کے مین آڈیٹوریم میں نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی کے موضو ع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ذوالفقار علی چیمہ ، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید ، ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ثنا اللہ عباسی ، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس اے ڈی خواجہ ، وائس چانسلر مہران یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم عقیلی ، ڈپٹی کمشنر جامشورو سہیل ادیب بچانی ، ایس ایس پی جامشورو سید وصی حیدر کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر نے کہا کہ اس حسا س موضوع کو فراموش نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ روڈ حادثات میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی ہے جو کہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں ۔ انھوںنے کہا کہ حادثات میں کمی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا اور ایسے آگاہی سیمینار ، واک اور دیگر پروگراموں کے ذریعے عوام کو ٹریفک کے قوانین سے آگاہ کرنا ہو گا اور ٹریفک پولیس کو بھی چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدر آمد کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سید نے کہا کہ ہر سال ٹریفک حادثات میں 12 ہزار سے زائد افراد ہلاک جب کہ 50 ہزار کے قریب زخمی ہوتے ہیں جوکہ انتہائی تشویش کی بات ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم اپنی موثر حکمت عملی کے ذریعے ایسے حادثات پر قابو پاسکتے ہیں جس کے لیے ہماری سڑکیں معیار ہونی چاہیے اور عوام کو ٹریفک کے قوانین ضوابط سے متعلق معلومات ہونا چاہیے جب کہ 80 فیصد حادثات ڈرائیورز کی غفلت کے باعث ہوتے ہیں ۔اس موقع پر آئی جی نیشنل ہائی وےز اینڈ موثر وے پولیس ذوالفقار علی چیمہ ، ڈی آئی جی حیدرآباد ثنا اللہ عباسی ، وائیس چانسلر مہران یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم عقیلی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باعث قوم ہم ٹریفک قوانین سے واقف نہیں ہیں جب کہ میڈیا نے بھی اس حساس معاملے کو فراموش کیا ہوا ہے ۔ جس طرح میڈیا دیگر امور پروگرام نشر کرتا ہے اسی طرح ٹریفک قوانین سے متعلق عوام میں آگاہی بیدار کرنے میں پروگرامز نشر کرے ۔

Latest from Blog