کشمیر بینک نے خطے میں خواتین کی فلاح کے لیے مر بوط پروگرام تیار کیا ہے: فضل الرحمان

مظفر آباد: بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کشمیر بینک نے آزاد خطہ میں خواتین کی معاشی خود کفالت کے مربوط پروگرام تیار کئے ہیں ۔تا کہ خواتین کشمیر بینک کی سکیموں سے مستفید ہو کر آزاد ریاست کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ریاست میںکشمیر بینک نے اپنی نوعیت کی پہلی بینک برانچ کھولی ہے جبکہ مزید شہروں میں خواتین برانچز کھولی جا رہی ہیں۔ عالمی یوم خواتین پر ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ بینک نے ”خود کفیل خواتین، خوشحال کشمیر “ کا سلوگن پیش کیا ہے۔ اس ویژن کے تحت خواتین کے لئے مائیکرو کریڈٹ ، چھوٹے اور درمیانے کاروبار کی متعدد سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔ خواتین کی معاشی خود کفالت کے لئے بینک انھیں آسان شرائط اور کم شرح منافع پر قرضے دے گا۔ خواتین کے لئے کشمیر بینک کی کاروباری سکیموں میں سلائی کڑھائی اور زری کام، گبہ سازی، شال و اونی سویٹر بنائی، ڈیکوریشن سامان، بوتیک، چھوٹی دوکان، خواتین تعلیمی اداروں میں کیفے ٹیریا،گھریلو بیکری و خورد و نوش کی اشیاءکی فراہمی، گھریلو دستکاری، گھریلو باغبانی، مرغبانی، بھیڑ بکریاں ، گائے بھینس پالنا، پارلر، ٹیوشن سینٹر / کمپیوٹر سینٹر زاور ڈے کئیر سنٹرز شامل ہیں۔ کشمیر بینک کے ایم ڈی نے کہا کہ بینک ریاست کے دارالحکومت میں عالمی یوم خواتین پر منعقد ہونے والی واک میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لےا۔ جس کا مقصد خواتین کی عزت و احترام کا اعتراف اور انہیں معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی مہم کی تشہیر اور عوامی آگہی تھا۔

Latest from Blog