انگلش میڈیا نے ایشز سیریز میں ریکارڈ ساز فتح سے محرومی کا سبب علیم ڈار کو قرار دیدیا

لندن( پی پی آئی ) خراب روشنی کے سبب ایشز میں تاریخی کامیابی سے محرومی پر برطانوی میڈیا علیم ڈار پر برس پڑا، جب کہ آسٹریلوی میڈیا نے بھی پاکستانی امپائرکو ولن بنا دیا۔ آخری ٹیسٹ میں خراب روشنی پرانگلینڈ ایشز سیریز میں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل نہ کرسکا۔پاکستانی ایمپائر علیم ڈار دوہرے عذاب کا شکار ہوگئے، جب خراب روشنی کے باعث ایشز سیریز کا آخری ٹیسٹ جلد ختم کرنے پر انگلش میڈیا جان کا عذاب بن گیا۔ کینگرو کپتان مائیکل کلارک کو ہاتھ سے روکنے پر آسٹریلوی میڈیا بھی پاکستانی ایمپائر کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑگیا۔ایشز کے آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کو فتح کیلئے آخری چار اوورز میں چوالیس رنز درکار تھے۔ شکست سامنے دیکھ کر آسٹریلوی کپتان نے بیڈ لائٹ کی کال دی تو فیلڈ ایمپائر علیم ڈار لائٹ میٹر چیک کرنے لگے۔ زیادہ وقت لگا تو مائیکل کلارک خود میٹر دیکھنے پہنچ گئے جس پر علیم ڈار نے کلارک کو ہاتھ سے روکا اور یہی انہیں مہنگا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب انگلش میڈیا بھی علیم ڈار کا دشمن بنا ہوا ہے، برٹش اخبار کہتے ہیں کہ علیم ڈار نے میچ جلد ختم کرکے انگلینڈ کو ایشز سیریز میں تاریخی چار صفر کی کامیابی سے محروم کردیا۔ آسٹریلوی اور برطانوی میڈیا آئی سی سی سے مطالبہ کررہا ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایمپائرز کے خلاف کارروائی کرے۔

Latest from Blog