حیدر آباد: جمعیت علمائے اسلام (س) کے زیر اہتمام یوم ِ پاکستان کے حوالہ سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہو ئے جے یو آئی (س) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالواحد سواتی اور حیدرآباد کے رہنما حافظ ارمان احمد چوہان نے کہاکہ 23مارچ 1940ءتحریک ِ پاکستان میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس دن پیش کردہ قرار داد نے مسلمانانِ برصغیر کو بیدار کرنے اور قیام پاکستان کی جدوجہد میں شریک ہو نے کا موقع فراہم کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قائم ہو ا،دنیا میں یہ واحد نظریاتی ملک ہے جو کلمہ توحید کے نام پر جمہوری طریقہ سے حاصل کیا گیا ،انھوں نے کہاکہ قیامِ پاکستان کے بعد ہی انگریز کے شاگروں نے اپنے غیر ملکی آقاں کے اشاروں پر پاکستان کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ایک سازش کے تحت مشرقی پاکستان کو ہم سے جدا کردیا گیا، انھوں نے کہاکہ سازشی عناصر اب بھی نظریہ پاکستان پر کلہاڑے چلارہے ہیں لیکن خیبر سے کراچی تک مسلمان اس سازش کو ناکام بنادیں گے، ہم جلد ہی کشمیر کو آزاد کرائیں گے اور پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23مارچ کو جماعتہ الدعوةکے زیر اہتمام ہو نے والے تحفظ نظریہ پاکستان مارچ میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔