حیدر آباد میں عالمی مشاعرے کی تیاریاں عروج پر

حیدر آباد: حیدر آباد میں عالمی مشاعرے کی تیاریوں کے حوالے سے آرٹس کونسل میں اجلاس منعقد کیا گیا ۔ آرٹس کونسل حیدر آبادکے سیکرٹری اطاعت جعفری نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ حیدرآباد میں 26مارچ کو آرٹس کونسل آف پاکستان حیدرآباد کی جانب سے دیالداس کلب میں ہونے والا عالمی مشاعرہ حیدرآباد کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ بدقسمتی سے ادبی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے شہری گھٹن کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔ اجلاس میں معروف سندھی شاعر راشد مورائی کے انتقال پر دکھ کااظہار کیا گیا اور ان کی مغفرت کےلئے دُعا کی گئی۔ اجلاس میں فنانس سیکریٹری رئیس آرائیں، اشتیاق الدین اعجاز، ساجد رضوی، ناصر شیخ، ضیاءجعفری، ڈاکٹر صولت جعفری اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں مشاعرے کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدر آباد میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد مشاعرہ ہوگا جس میں بھارت کے معروف شاعر گلزار دہلوی، اظہر عنایتی، ڈاکٹر نسیم نگہت، حسن کاظمی، منور رانا، کینیڈا سے تسلیم الٰہی زلفی، امریکا سے مونا شہاب، باقر زیدی، لاہور سے عباس تابش، کراچی سے محمود شام، انور شعور، راشد نوری، اختر سعیدی ، ریحانہ روحی، ڈاکٹر اقبال پیرزادہ، حجاب عباسی، قیصر واجدی، تبسم صدیقی، صاحبزادہ عتیق الرحمن عتیق، حکیم ناصر، عظمیٰ خان، حیدر حسنین جیلسی، دلاور عباس عابدی، سحر علی، سیما غزل، جبکہ حیدرآباد سے امداد حسینی، ساجد رضوی، محمود صدیقی، شوکت نوید ، ڈاکٹر عتیق جیلانی، سحر امداد، رعنا ناہید رعنا، شجاعت علی طالب، م ش عالم اور دیگر اپنا کلام پیش کریںگے۔ جبکہ پروگرام کے مہمان خصوصی سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ، متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، رابطہ کمیٹی کے رُکن حیدر عباس رضوی اور دیگر ہوں گے۔

Latest from Blog