ملک کسی بھی قسم کی تقسیم کا متحمل نہیں ہو سکتا: ایم کیو ایم ذونل انچارج نوید شمسی

حیدر آباد: ظلم و نا انصافی کسی بھی معاشرے میں بغاوت کو جنم دیتی ہے اور بغاوت کسی بھی ریاست کی تقسیم کا باعث بنتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی واراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک اب کسی بھی تقسیم کا متحمل نہیں ہوسکتا اور جو عناصر ملک میں اپنے اقتدار اور مفاد کےلئے مظلوم و محکوم عوام کو اس کے جائز حق سے محروم رکھے ہوئے ہیں وہ ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ الطاف حسین کی جدوجہد ملک میں مظلوم و محکوم عوام کو ان کے جائز حقوق فراہم کرنا ہے اور الطاف حسین کے نظریہ پر گامزن ہوکر ہی ہم اپنے ملک کو متحد ومستحکم بنا سکتے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ ہم اپنے وطن میں جنم لینے والی نفرتوں کا خاتمہ صرف اور صرف عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام سے ہی کرسکتے ہیں اور اپنے ملک کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بناسکتے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ ارباب اختیار کو ملک اور قوم کی بقاءاور خوشحالی کے لیے اقتدار اور مفاد سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنے ہونگے تب ہی ہمارا ملک ترقی یافتہ ،خوشحال اور مستحکم بن سکتا ہے ۔

Latest from Blog