تھر پار کر کے قحط متاثرین کی ہلاکت تشویش ناک ہے : رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی

میرپورخاص: ایم کیوا یم کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نے تھر پارکر کے قحط متاثرین کی ہلاکتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ صحرائے تھر میں قحط سالی سے مزید ہلاکتیں تشویشناک ہیں۔عمر کوٹ میں 11افراد کی ہلاکتوں کا نوٹس لیا جائے۔متاثرین کے علاج اورغذائی قلت سے نمٹنے کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے۔انھوں نے کہا کہ تھر کے عوام کی مدد کے لئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔تھر جیسے واقعات سے نمٹنے کے لئے واضح پالیسی وضع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تھری عوام سہولیات تو کجا بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔قائد تحریک الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر حق پرست عوامی نمائندے تھری عوام کی بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو مختلف سنگین چیلنجوں کا سامنا ہونے کے باوجود کافی عرصہ سے خوراک کے معاملے میں خود کفیل ہے ایسی صورتحال میں صحرائے تھر کے معصوم بچوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع المیہ ہے۔وقت کا تقاضا ہے کہ بلا تاخیر اس معاملے کو ترجیحی اہمیت دی جائے تاکہ تھر کا کوئی بچہ بھوک اور علاج معالجے کی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے موت کا شکار نہ ہو۔

Latest from Blog