سری نواسن آئی سی سی اجلاس میں بھارت کی نمائندگی کریں گے

نئی دہلی: سپریم کورٹ کے حکم پر بورڈ کے سربراہی سے معطلی کے باوجود آئی سی سی اجلاس میں سری نواسن بھارت کی نمائندگی کریں گے۔بھارتی سپریم کورٹ کے حکم پر بورڈ کے صدارت سے علیحدگی کے باوجود سری نواسن آئی سی سی میں بھارت کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ بی سی سی آئی کے معطل سربراہ9اور10 اپریل کو ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جس میں بگ تھری منصوبے کو حتمی اور قانونی شکل دی جانی ہے۔بورڈ کے قانونی مشیر کے مطابق عدلیہ میں جاری کیس سے آئی سی سی میں سری نواسن کی پوزیشن متاثر نہیں ہوئی۔سپریم کورٹ نے بھی استفسار پر بورڈ کا اندورنی معاملہ قرار دے کر اس پر آرڈر دینے سے گریز کیا ہے۔بی سی سی آئی کے سیکریٹری سنجے پٹیل نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ سری نواسن ہی آئی سی سی میں بھارت کی نمائندگی کریں۔ کیونکہ حالیہ مہینوں میں عالمی کرکٹ میں بھارت کی مضبوط پوزیشن دلانے میں انھوں نے اہم کردار ادا کیاہے اور عدلیہ کوبھی اس پر اعتراض نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت انڈیا سیمنٹ کا کوئی ملازم بورڈ انتظامیہ میں شامل نہیں ہوسکتا۔سنجے پٹیل نے آئی سی سی اجلاس میں نمائندگی کے بارے میں سوال پر کہاکہ سری نواسن تامل ناڈو ایسوسی ایشن کے صدر ہیں، بورڈ انھیں آئی سی سی اجلاس کے لیے نامزد کرسکتاہے۔یہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ کیونکہ اس نمائندگی کا ایڈمنسٹریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Latest from Blog