آئی سی سی بگ تھری ایشو سے نمٹنے کے لیے پی سی بی کا اجلاس

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس پیر کو لاہور میں ہورہا ہے۔ حکام آئی سی سی میں بگ تھری کی اجارہ داری کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل تیار کریں گے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کے پاس بگ تھری ایشو پرکوئی کارڈ نہیں ہے۔ اس لئے حمایت کے بدلے بھارت سے دو طرفہ سیریز کی بحالی کے لئے کوشش کی جائے گی۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس 5اور6 اپریل کو ڈھاکا میں ہورہاہے۔جس کے بعد9اور10 اپریل کو دبئی میں ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس ہوگا۔جس میں تین بڑوں بھارت، انگلینڈ اور آسڑیلیا کی اجارہ داری پر مبنی مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی طرف سے تین بڑوں کی حمایت کے بعد ڈرافٹ منظور کیا جا چکا ہے۔ پاکستان کے ووٹ کی صرف اخلاقی حیثیت رہ گئی ہے۔اس صورتحال میں پی سی بی کے پاس حمایت کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

پی سی بی حکام دبئی میں اجلاس سے پہلے کوئی ایسا لائحہ عمل تیار کرنا چاہتے ہیں جس سے پاکستان کرکٹ کو کچھ نہ کچھ ہاتھ لگ جائے۔ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس پیر کو لاہور میں ہورہا ہے۔ جس میں حکام حتمی موقف تیار کرنے کی کوشش کریں گے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد مختلف کرکٹ بورڈز کے سربراہان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔بگ تھری کے معاملے میں تنہا رہ جانے پر پاکستان کے ووٹ کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہی۔ پی سی بی کی پوری کوشش ہے کہ اخلاقی بنیاد پر آئندہ سال بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز بحال کرانے میں کامیابی حاصل ہوجائیں۔

Latest from Blog