ریاستی جبر کے ذریعے ایم کیو ایم کو کچلنے کی سازش ہورہی ہے: ذونل انچارج میر پور خاص

میرپورخاص:  ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے زونل انچارج مجیب الحق نے یوسی میرواہ میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکا لہو رائیگاں نہیں جانے دیں گے،ریاستی جبر کے ذریعے ایم کیو ایم کو کچلنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کے مطابق ایسا ملک بنانا چاہتی ہے جہاں ہر طبقے کو ان کے بنیادی حقوق میسر ہوں۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک سے فرسودہ گلے سڑے سیاسی اور معاشی نظام کی تبدیلی کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ استحصالی عناصر ریاستی جبر اور منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے حق پرستی کی اس تحریک کو کچلنے کے درپے ہیں ۔ایم کیو ایم کے معصوم و بے گناہ کارکنان اور ہمدردوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بسنے والے ایم کیو ایم کے کارکنان اور حق پرست عوام ایسی تمام سازشوں کو مسترد کرتے ہیں ۔امن کے قیام کے نام پر سندھ کے مخصوص طبقہ آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔منفی اقدامات سے نفرت و تعصب کی آگ بھڑکا کر عوام کو مخصوص سمت میں سوچنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔اجلاس سے اراکین زونل کمیٹی شاہد عباسی، سلیم رضا قائمخانی اور عزیر قریشی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر یوسی میرواہ کے ذمہ داران و کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔

Latest from Blog