وفاقی حکومت کا حنیف محمد کو50لاکھ امداد

کراچی: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کرکٹ لیجنڈحنیف محمد کو پچاس لاکھ روپے کا چیک دے دیا۔ کرکٹ لیجنڈ حنیف محمد گزشتہ کئی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور انھوں نے کئی بار علاج کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی۔ بین الصوبائی رابطے کے وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کراچی میں حنیف محمد سے ان کے گھرپرملاقات کی اورانھیں وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے 50لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ نیشنل کوچنگ سینٹر کراچی کوحنیف خان کے نام سے منسوب کیا جا رہا ہے جبکہ اس میں کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی۔ لٹل ماسٹر حنیف محمد نے کہا کہ وہ کینسر کے علاج کے باعث قرض میں ڈوب گئے تھے، اس رقم سے انھیں قرض سے نجات مل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اسپورٹس لورہیں اور انھیں کرکٹ سے خاص لگاﺅہے۔ حنیف محمد نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کی فریاد سنی جس پر وہ ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

Latest from Blog