کھلاڑیو ں کے مراعات کار کردگی سے مشروط کیے جائیں: سابق کر کٹرز

لاہور:  سابق کرکٹرز نے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں قومی ٹیم کی شکست پر پاکستان ٹیم میں آپریشن کلین اپ اور کرکٹرز کی سنٹرل کنٹریکٹ سمیت تمام مراعات کارکردگی سے مشروط کرنے کا مطالبہ کردیا۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں قومی کرکٹرز کی کارکردگی گلی کوچوں کے کرکٹرز سے بھی کم دکھائی دی۔آخری اوورز میں باولرز کی پٹائی کے بعد بلے باز کالی آندھی کے اسپینرز کے سامنے بھیگی بلی بن گئے۔اس شکست کے ذمے داروں کے خلاف آپریشن کلین اپ ہونا چاہیے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر علی نقوی کے مطابق پورے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستانی ٹیم کا کوئی گیم پلان دکھائی نہیں دیا اور سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے کے ذمہ دار تمام کھلاڑی اور انتظامیہ ہے،ان سب کا احتساب کیا جائے۔ کرکٹرز نے میگا ایونٹ کیلئے ٹیم کی سلیکشن کو بھی غلط قرار دیا۔

Latest from Blog