بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے کاروباری سر گرمیاں متاثر ہونے کاخدشہ ہے: ڈاکٹر ظفر کمالی

میر پور خاص: ایم کیو ایم کے ممبر سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفر کمالی نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے میرپور خاص میں کاروباری سر گرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ڈاکٹر ظفر کمالی نے میرپور خاص میں عوامی شکایات پر کہاکہ میر پور خاص میںبجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 9گھنٹے سے تجاوز کرگیاہے، کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر اور صنعتیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔انھوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی میرپورخاص میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی ہیں،جبکہ نکاسی و فراہمی آب کا کام بھی شدید متاثر ہورہا ہے۔انھوں نے کہا کہ دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی اور پھر طویل دورانیہ کی لوڈشیڈنگ سے صنعتیں بند ہونے کا بھی خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، طلباءو طالبات کو امتحانات کے دوران سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ حیسکو افسران کی من مانیوں کے باعث اسپتالوں میں زیر علاج مریض شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں اور مختلف اسپتالوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے پیش نظر آپریشن ملتوی کردیئے گئے ہیں۔انھوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص کے عوام کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

Latest from Blog