صوبائی وزیر صحت و بلدیات کا سول اسپتال ٹھٹھہ کا دورہ،گھارو میں R-O پلانٹ کا افتتاح

ٹھٹھہ: صوبائی وزیر صحت و بلدیات سید اویس مظفر نے ٹھٹھہ سول اسپتال کا دورہ ، گھارو میں آر او پلانٹ کا افتتاح کر لیا۔صوبائی وزیر صحت نے ٹھٹھہ سول اسپتال کو اچانک دورہ کیا اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی اورصفائی ستھرائی کی صورت حال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت اور میڈیکل سپرینڈنٹ کو شعبہ حادثات اور ایمرجنسی کو ایک ہفتہ کے اندر مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر صحت و بلدیات نے کہا کہ مراکز صحت عوام کو بہتر علاج و معالجے کی فراہمی کے لئے بنائے جاتے ہیں اور اگر ان میں سہولیات دستیاب نہ ہوں تو ان کا کیا فائدہ ۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ فرائض سے غفلت اور لاپرواہی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی اور جو ڈاکٹر اپنے فرائض کی ادائیگی میں غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔صوبائی وزیر صحت و بلدیات نے گھارو کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کے لئے R-O پلانٹ کا بھی افتتاح کیا ،اس موقع پر انھوں نے وہاں موجود عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تمام محکموں کے سربراہوں کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں تا کہ عوام ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر ٹھٹھہ شہر کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی اور ان پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں کادورہ کیا اور عوام سے ان کے مسائل معلوم کئے۔ وہاں موجود عوام نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ شہر میں رہزنی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے جس پر قابو پانے کی اشد ضرروت ہے۔صوبائی وزیر صحت و بلدیات نے ڈی پی او ٹھٹھہ کو ہدایت کی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی پٹرولنگ بڑھائی جائے اور اس قسم کی وارداتوں میںملوث مجرمان کو گرفتار کر کے قانوں کے کہٹرے میں لایا جائے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اس ضمن میں ایک ہفتہ کے اندر نمایاں بہتری آنی چاہیے وہ ایک ہفتہ بعد دوبارہ ٹھٹھہ کا دورہ کر کے ذاتی طور پر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

Latest from Blog