آئی سی سی کی چیئرمین شپ کی پیش کش ہوئی تھی: ذکا اشرف

لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ انھیں بگ تھری نے حمایت کے بدلے آئی سی سی کا چیئرمین بننے کی پیش کش کی تھی۔متحدہ عرب امارات میں پاک بھارت سیریز کے حوالے سے دونوں ممالک میں اتفاق میرے دور میں ہی ہوگیا تھا۔میڈیا کودیے گئے ایک انٹرویو میں ذکا اشرف نے کہاکہ بھارت سے نہ کھیلنے پر بورڈ کے دیوالیہ ہونے کی باتیں غلط ہیں۔ دوسال قبل چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تو پی سی بی کے اکاونٹ میں چار ارب روپے تھے اور جب فارغ کیا گیا تو پانچ ارب روپے چھوڑے۔ذکا اشرف نے کہا کہ بگ تھری ایشو پر ملکی مفاد میں فیصلہ کیا، تین بڑوں نے ساتھ ملانے کیلئے بڑی پیش کش کی۔ بھارت کی جانب سے کہ بنگلہ دیشی امیدوار کے بجائے مجھے آئی سی سی کا سربراہ بنا نے کی پیش کش کی تھی لیکن ہر پیشکش پر میرا یہی سوال ہوتا کہ میرے ملک کو کیا دے رہے ہیں۔ ذکا اشرف نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں باہمی سیریز کھیلنے کے لیے بھارتی بورڈ راضی ہوگیا تھا۔ امید ہے کہ آج سے شروع ہونیوالے دبئی اجلاس میں معاہدہ طے ہو جائے گا۔ ذکا اشرف نے پی سی بی سے چھوٹے ملازمین کو فارغ کرنے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دس دس ہزار والوں کو نکال کر پانچ پانچ لاکھ پر لوگ رکھے جا رہے ہیں۔پی سی بی نے ایسے ملازمین کو نکال دیا جو اپنے فرائض بہترین انداز میں انجام دے رہے تھے۔ بورڈ کا کام ایسے اقدامات کرنا ہے جو ملکی کرکٹ کو بہتری کی جانب گامزن کرسکے۔

Latest from Blog