جمیعت علما ءپاکستان 7ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت منائے گی :ڈاکٹرصاحبزادہ ابولخیر محمد زبیر

حیدر آباد: جمعیت علماءپاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ 7ستمبرکو یوم تحفظ ختم نبوت منایا جائے گا۔جمعیت علماءپاکستان یوم تحفظ ختم نبوت ﷺکے سلسلے میں ملک بھر میں کانفرنسیں ،جلسے ،جلوس ،اجتماعات اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ 7ستمبر1974ءکوقائد ملت اسلامیہ امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر فتنہ قادیانیت کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کی ایمان افروز قرار دادمنظور کی تھی، اس موقع پر اسلامیان پاکستان عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کے باطل نظریات کے خلاف کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم کریں گے، انھوں نے جمعیت علماءپاکستان کی تمام صوبائی،ضلعی اور مقامی تنظیموں کو ہدایات کی ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں ،ضلعوں شہروں اور علاقوں میں عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لئے قائد اہلسنت امام شاہ احمدنورانی کی بے مثالی جدوجہد سے ملت کو آگہی فراہم کرنے کے لئے جلسے ،جلوس، کانفرنسیں اور ریلیاں منعقد کریں ۔انھوں نے کہا کہ آج اس دن کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے کیونکہ اسلام دشمن طاغوتی قوتیں عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر نقب لگانے کےلئے نت نئے حربے اور سازشیں کررہی ہیں، ایسے وقت میں قوم کو بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم کرے اور استعماری قوتوں کے سازشوں کو اپنے جذبہ عشق رسول ﷺ سے ناکام بنادیں ۔

Latest from Blog