ٹنڈو محمد خان میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 594 اسکیموں پر کام جاری ہے: ڈی سی او خان آصف میمن

حیدر آباد:  صوبائی اور ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2013-14 کے تحت اس وقت ٹنڈو محمد خان میں 2954 ملین روپے کی لاگت کی کُل 594 اسکیموں پر کام جاری ہے۔ یہ بات ڈی سی ٹنڈو محمد خان آصف میمن کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی ۔ اجلاس میں مزید بتایاگیا کہ صوبائی وضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں مختلف سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کی 655 ملین روپے کی لاگت کی کُل 135 اسکیموں پر عملدرآمد کیا گیا۔ جن میں سے 25 کا کام مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ اسکیموں پر کام جاری ہے،بلڈنگ سیکٹر کی 483 ملین روپے لاگت کی کُل 63 اسکیموں میں سے 11 مکمل ہیں، تعلیم کے شعبے کی 1433 ملین روپے کی لاگت کی کُل 35 اسکیموں پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایاگیا کہ سوشل ایجوکیشن ریفارم پروگرام کے تحت ضلع بھر کے مختلف دیہاتوں میں نئے اسکول تعمیر کرنے کی 383 ملین روپے کی لاگت کی کُل 361 اسکیمیں ہیں جن میں سے 304 مکمل ہو چکی ہیں ،اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو متنبہ کیا کہ وہ جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو جون 2014 تک مکمل کر لیں اور اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ناصرف ٹھیکیدار بلکہ متعلقہ محکموں کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی سی نے تعلقہ انتظامیہ اور ٹی ایم اے کو سخت ہدایت کی کہ شہر کے اہم بازاروں میں خواتین کے لیے بیت الخلا اور بس اڈو ںپر شیڈ تعمیر کرانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور انھیںتفصیلی رپورٹ پیش کریں، انھوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں تجاوزات ختم کرنے کے لیے فوری طور پر موثر مہم کا آغاز کیا جائے اور اس ضمن میں کوئی بھی دبا قبول نہ کریں ،انھوں نے محکمہ جنگلات اور متعلقہ تعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر کے اہم راستوں ، چوراہوں ، اسپتالوں ، اسکولوں سمیت پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر شجرکاری مہم شروع کریں جس سے نا صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی بھی ختم ہو گی اور شہریوںکو سہولیات حاصل ہو ںگی ،اس موقع پر ڈی سی نے تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنرکی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ شہر سمیت ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں اور آج کے اجلاس میں دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کے متعلق انھیں تفصیلی رپورٹ پیش کریں اجلاس میں ایس ایس پی ذوالفقار مہر ، اسسٹنٹ کمشنرز ، مختلف محکموں کے ایگزیکیٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔

Latest from Blog