سابق صدر آصف علی زرداری کا دورہ مٹھی ، صاف پانی کی فراہمی کی ہدایت

حیدر آباد:  سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے مٹھی میں تھرکول آفس کے قریب آراو پلانٹ کا دورہ کیا، چیف آپریٹنگ آفیسر ارشاد حسین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تھر کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے آر او پلانٹس کو فعال کیا جائے اور خرابی کی صورت میں ہنگامی بنیادوں پر ان کی مرمت کروائی جائے ۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، صوبائی وزیر لائیو اسٹاک جام خان شورو، صوبائی وزیر زکوٰة دوست علی راہیمو، ایم این اے فقیر شیر محمد بلالانی ، ایم پی ایز ڈاکٹر مہیش کمار ملانی ، نواب تیمعور تالپور ، ریلیف کو آرڈینیٹر تاج حیدر، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص ساجد جمال ابڑو ، ڈی آئی جی پولیس محمد امین یوسف زئی ، ڈی سی مٹھی آصف اکرام اور متعلقہ افسران بھی وہاں موجود تھے ،آصف علی زرداری نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں جہاں آر او پلانٹس پر کام جاری ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تھر کے لوگوں کو پینے کے میٹھے پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے ، اور عوام مختلف امراض سے محفوظ رہیں ،اس موقع پر چیف آفیسر آر او پلانٹ ارشاد حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آر او پلانٹ میں 75 ہزار گیلن پانی کی گنجائش ہے جس سے تقریبا 25 سے 30 ہزار لوگوں کو صاف پانی مہیا ہو سکے گا،انھوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پورے تھر پارکر ضلع میں 48 آر او پلانٹس کام کر رہے ہیں جبکہ 25 آر او پلانٹس پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے جو کہ جلد مکمل ہو جائے گا ۔ قبل ازیں پی پی پی کے کو چیرمین آصف علی زرداری نے سول ہسپتال مٹھی میں ایک ماہ سے کم نرسری اور ایک ماہ سے زیادہ وارڈ پیٹس اور نیوٹریشن اسٹیبلائیزیشن سینٹر ، کمبائنڈ فیملی وارڈ کا بھی دورہ کیا ۔ اس دوران انھوں نے مریضوں کی عیادت بھی کی اور ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں ۔ انھوں نے ڈاکٹروںکو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بیمار بچوں اور خواتین کی خصوصی نگہداشت کی جائے اور انھیں تمام تر طبی سہولت فراہم کی جائےں۔ بعد ازاں انھوں نے بحریہ ٹان کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا، اس دوران آصف علی زرداری کو بتایا گیا کہ بحریہ فانڈیشن آر اور پلانٹس اور تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے ۔ بحریہ فانڈیشن کی جانب سے 4 موبائل ٹیمیں اور ایک او پی ڈی کے لیے کنٹینر بھی مہیا کیاگیا ہے ۔ بحریہ فانڈیشن کی جانب سے بہروں ، گونگوں اور دل میں سوراخ کے امراض میں مبتلا بچوں کو علاج کے لیے لاہور بھیجا جارہا ہے ۔

Latest from Blog