حیدر آباد : 4ستمبر کو ملک بھر میں مہنگائی ،لوڈ شیدنگ ،نجکاری اور کم اجرتوں کے خلا ف احتجاج ہو گا

حیدر آباد:  ملک بھر کے محنت کش 4ستمبر کو مہنگائی ،لوڈ شیڈنگ نجکاری اور کم اجرتوں کے خلا ف احتجاج کریں گے ۔پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے ملک گیر سمینار منعقد ہ اسلام آباد پریس کلب کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے محنت کش 4ستمبربروز بدھ کو مہنگائی، لوڈشیڈنگ ، نجکاری اور کم اجرتوں کے خلاف احتجاج، جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر مزدور یکجہتی کا مظاہرہ کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے نو منتخب مرکزی چیف آرگنائزر اور سندھ کے صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میں مزدور تنظیموں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں واپڈا HDA,، بسکٹ فیکٹری ، شگر ملز، ہوم ویسٹ ، ریلوے ، بینکس ، سندھ پارٹیکل بورڈ، سندھی ادبی بورڈ، وغیرہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ عبداللطیف نظامانی نے اجلاس کو مزیدکہا کہ پاکستان کی مختلف نمائندہ مزدور تنظیموں کے پلیٹ فارم پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے مرکزی اجلاس میں عہدیداروں کا چناﺅ متفقہ طور پر عمل میں لایا گیا جس میں محترمہ روبینہ ، جمیل صاحبہ، کو مرکزی صدر ، خورشید احمد کو مرکزی جنرل سیکریٹری ، یوسف بلوچ کو چیئرمین رمضان اچکزئی ، سینئر وائس چیئرمین ، گوہر تاج ، سینئر نائب صدر، جلیل شاہ، جوائنٹ صدر اکبر علی ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ناصر منصور ، ترجمان اور دیگر شامل ہیں۔اجلاس میں شامل تمام نمائندوں نے ملک میںبے روزگاری ، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ ، نجکاری ، حکومت کا الیکشن میں کئے گئے وعدوں سے انحراف ، اجرتوں میں ناکافی اضافہ جیسے اہم اور دیگر مزدور مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے 4ستمبرکو ملک گیر یوم مطالبات منانے کا فیصلہ کیاہے ، لہذا 4ستمبر کو نہ صرف سندھ بھر کے بلکہ پورے ملک کے محنت کش بھرپور انداز میں مزدور دوستی اور اتحاد کا مظاہرہ کرکے حکومت کو باور کرادیں کہ ملک کا محنت کش ابھی زندہ ہیں اور وہ کسی ایسے فیصلے کو قبول نہیں کریں گے جو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے ایماں پر مسلط کیاجائے گا۔ اجلاس سے اقبال قائمخانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ورکرز کنفیڈریشن میںہماری یونین ہراول دستے کا کردار ادا کریگی اور احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے شانہ بشانہ ہونگے۔ اجلاس سے دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

 

Latest from Blog