سینئر صحافی حامد میر پر حملے کی پرزور مذمت کر تاہوں : وزیر مملکت عابد شیر علی

حیدرآباد:  وزیر مملکت عابد شیر علی نے سینئر صحافی حامد میر پر حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہو ئے کہاکہ جیو کے اینکر پرسن حامد میر پر کئے جانے والے حملہ کی سخت مذمت کرتاہوں لیکن اس کی آڑ میں کسی کو قومی و حساس اداروں کے خلاف مہم چلانے کی حمایت نہیں کی جاسکتی ،انھوں نے کہاکہ حکومت نے حامد میر پر حملہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا ہے لیکن جو کچھ آئی ایس آئی اور اس کے سربراہ کے بارے میں کہا گیا اس سے ملک کی جگ ہنسائی ہو ئی پڑوسی ملک کا میڈیا تو اسی کام پر لگ گیا ہے، انھوں نے کہاکہ عوام اور قومی اداروں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنا ایک سازش ہے ہم قومی اداروں کے ساتھ ہیں ،جیو نے اگر پیمرا کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کی درخواست وہاں موجود ہے وہی بہتر فیصلہ کریں گے ،انھوں نے کہاکہ یہ تاثر درست نہیںکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے عمر چیمہ پر تشدد کے واقعہ پر آئی ایس آئی کو ہدف تنقید بنایا تھا ،انھوں نے کہا کہ جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کا معاملہ عدالتوں میںہے وہ ملک سے باہر جائیں گے یا نہیں فیصلہ عدالت کرے گی، انھوں نے ایم کیو ایم اور پی پی کے سندھ میں دوبارہ اتحاد کو خوش آئند قراردیتے ہو ئے کہاکہ ان کی اتحادی حکومت نے ماضی میں بھی عوام کو کچھ نہیں دیا تھا، عابد شیر علی نے جیو کے اینکر پرسن حامد میر کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کروائی۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں سے خطاب جبکہ مسلم لیگ(ن) لیڈیز ونگ کے ایک وفد سے ملاقات کی ۔

Latest from Blog