حکومتی عدم دلچسپی ، ایشین انڈر 16فٹبال ایونٹ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا

کراچی( پی پی آئی ) حکومتی عدم دلچسپی کے سبب ایشین انڈر16 کوالیفائنگ فٹبال راﺅنڈ کا کراچی میں انعقاد خطرے میں پڑگیا۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے پاکستان کو رواں سال اے ایف سی انڈر16 کوالیفائنگ راونڈ کی میزبانی سونپی۔ چارماہ پہلے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے پیپلز فٹبال اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کرانے کے لیے سندھ حکومت اوربلدیہ عظمی کراچی کو مطلع کیا لیکن پیپلزاسٹیڈیم میں رینجرز کی رہائش کے سبب سب کچھ تباہ ہوچکا ہے نہ میدان سرسبز ہے، نہ اسکور بورڈ سلامت، جبکہ شائقین کے لیے کرسیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان علی نواز بلوچ کہتے ہیں کہ جب کھیل حکومت کی ترجیحات ہی نہ ہوں تو پھر ایسا ہی ہوتا ہے۔فٹبال کے ایشیائی عہدے داروں نے20 اگست کواسٹیڈیم کا معائنہ کرنا تھا لیکن انہیں اب تک مدعو نہیں کیا گیا۔ اب سرکار کی روایتی سست روی کے سبب شہرقائد آٹھ سال بھی کسی انٹرنیشنل فٹبال ایونٹ کی میزبانی نہیں کرسکے گا۔

Latest from Blog