سندھ حکومت تعلیم کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے: ڈپٹی کمشنر مٹیاری

حیدرآباد: ڈپٹی کمشنر مٹیاری فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کان کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری فیاض حسین عباسی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دیں اور انھیںبہتر تعلیم کی فراہمی میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں ۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کر کے ہم حقیقی ترقی حصول ممکن بنا سکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سندھ تعلیم کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ وہ گذشتہ روز سعید آباد میں شہید بینظیر بھٹو لائبریری کی تزئین و آرائش اسکیم کے مکمل ہونے پر لائبریری کے افتتاح کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈی سی مٹیاری نے کہا کہ کتاب انسان کا بہترین دوست ہے اور کہا کہ نوجوانوں میں الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے مطالعے کے رجحان میں کمی آئی ہے جس سے کچھ معاشرتی برائیوں نے بھی جنم لیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مطالعے کے رجحان کو بڑھانے کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ لائبریریاں قائم کرنی ہوں گی اور اس کے لیے ضلع کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو لائبریری 2009سے غیر فعال تھی جسے ضلعی انتظامیہ مٹیاری کی جانب سے سنجیدہ اور فوری اقدامات کر کے دو ہفتوں میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کر کے اسے فعال بنایا ہے۔ انھوں نے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ لائبریری کی نگرانی کریں تاکہ ان لائبریریز سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر انھوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 45ہزار روپے کی نایاب کتب بھی لائبریری کے حوالے کیں جبکہ سروری جماعت کے رہنما مصری کاکا کی جانب سے لائبریری کے لیے کتب خرید کرنے کے لیے دس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شوکت علی انڑ ، رئیس عمران راہو اور دیگر بھی موجود تھے۔

Latest from Blog