سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کریگ میک ڈرموٹ کے معاہدے میں دو سال کی توسیع کردی گئی ۔49سالہ میک ڈرموٹ ایشز سیریز سے قبل آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر کیے گئے تھے جس کے بعد آسٹریلیا نے ایشز سیریز میں 5-0سے اورورلڈ نمبر ون جنوبی افریقہ کو اسی کے ملک میں 2-1سے شکست دی تھی۔ اپنی نئی ذمہ داریوں میں مک ڈرموٹ ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ ون ڈے ٹیم کے بولرز کی بھی کوچنگ کریں گے۔مک ڈرموٹ کا کہنا ہے کہ وہ بولرز کے ساتھ اچھا کمبینشن بنانے کی کوشش کریں گے اوربھارت کے خلاف ہوم سیریزاور ورلڈ کپ میںبولرز کو تعاون فراہم کریں گے۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ٹیم ایک گروپ کی حیثیت میں کام کررہی ہے ،ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن،بیٹنگ کوچ مائیکل ڈی وینوتو اور کپتان مائیکل کلارک اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔