سڈنی: سابق آسٹریلوی بیٹسمن اور معروف کرکٹ کوچ ڈیو واٹمور ورلڈکپ2015کی تیاریوں کے سلسلے میں افغانستان،آئرلینڈ،اسکاٹ لینڈاور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں کی رہنمائی کریں گے۔آئی سی سی کے ہائی پرفارمنس پروگرام کی مشاورتی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد واٹمورکاکہناہے کہ وہ ایسو سی ایٹ ٹیموں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں،ان ٹیموں میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیںجن کی جانب سے حال ہی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاگیاہے۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں میں ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔متحدہ عرب امارات کے کوچ عاقب جاوید نے واٹمور کی تقرری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ واٹمور کی موجودگی سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔افغانستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کبیر خان کا کہنا ہے کہ واٹمور بہترین کوچ ہیں، ان کی تقرری سے ہمیں ورلڈ کپ کی تیاریوںکو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ واٹمور اس سے قبل پاکستان،سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔