ایس آئی یو ٹی سمیت کسی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل نہیں رہا :عبدالستار ایدھی

کراچی: سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں عبد الستار ایدھی کی صحت کے متعلق ایک پریس بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایدھی صاحب ہفتے میں دو مرتبہ چیک اپ اور ڈایالیسس کے لئے آتے رہتے ہیں وہ ایس آئی یو ٹی یا کسی اور جگہ کے آئی سی یو میں داخل نہیں رہے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ممتازسماجی رہنما عبد الستار ایدھی نے بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ٹھاک ہیں اور اپنی معمول کی زندگی بسر کر رہے ہےں۔ انھوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا میں ان کی صحت کے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پریس بریفنگ میں ان کے ساتھ ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی اور ایس آئی یو ٹی کے پروفیسر ادیب الحسن رضوی اور ڈاکٹر طاہر عزیز بھی شامل تھے۔ انھوںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان بے بنیاد اور جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں۔ڈاکٹر طاہر عزیز نے کہا کہ ایدھی صاحب ہسپتال میں داخل نہیں ہیں اور بالکل ٹھیک ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ادیب رضوی سے ایدھی صاحب کے گردوں کے ٹرانسپلانٹیشن کے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ایدھی صاحب کی فیملی میں ٹشو میچنگ کا مسئلہ ہے اور انھوں نے مزید بتایا کہ اس صورت میں ایدھی صاحب بعد از مرگ گردوں کے عطیہ کے موزوں امیدوار ہیں۔پروفیسر رضوی نے بتایا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال گردوں اور جگر خراب ہونے کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غریب اور ضرورت مند انسانوں کی زندگیاں بچانے کے لئے مل کر کوشش کرنے کی ضرورت ہے تا کہ اعضاءعطیہ کرنے کے مقصد میں شامل ہو سکیں ۔ انھوں نے لوگوں سے زندگیا ں بچانے کے لئے بعد از مرگ اعضاءعطیہ کرنے کی اپیل کی۔

Latest from Blog