دبئی: جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ ٹی ٹوئنٹی میں کارآمد نہیں ہے ۔ آئی پی ایل میں سن رائزز حیدرآبا د کی نمائندگی کرنے والے اسپیڈ اسٹار ڈیل اسٹین رواں سیزن میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پرسب سے ذیادہ بحث کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں، اسٹین کا کہنا ہے کہ چینجنگ روم میں یہ موضوع سب سے زیادہ زیر بحث رہتا ہے۔ گزشتہ روز حیدر آباد کی ٹیم نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت دہلی کو شکست سے دوچار کر دیا تھا جس میں اسٹین نے دو وکٹیں ہتھیا لی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح ڈک ورتھ لوئس کی حساب کتاب کی جاتی ہے وہ ٹی ٹوئنٹی میں کام نہیں آتی لیکن جب تک اس کے متبادل کوئی موثر طریقہ نہیں اپنا یا جا تا تب تک ہمیں اس پر ہی اکتفا کر نا پڑے گا، ٹاس کرکے نتیجہ نکالنے سے تو یہ نظام بہتر ہے۔