طلبا اپنی تعلیم پر توجہ دے کر خود میں قابلیت پیدا کریں: جسٹس ریٹائر ڈ زاہد قربان علوی

حیدرآباد: زکوٰة کونسل سندھ کے چیرمین جسٹس ریٹائرزاہد قربان علوی نے گورنمنٹ بوائزہائی اسکول ہٹڑی کے 50 طالب علموں میں زکوٰة فنڈ سے مفت یونیفارم تقسیم کرنے کے موقع پر طالب علموں پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دے کر نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کریں بلکہ خود میں قابلیت بھی پیدا کریں ۔انھوں نے ہٹڑی گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں مفت یونیفارم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زکوٰة فنڈ سے اہل طالب علموں کو میرٹ اور مورا اسکالر شپ کی مد میں امداد دی جارہی ہے جس کا مقصد سندھ کے ذہین اور مستحق طالب علموں کو مزید علم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ معاشرے سے ہی ترقی ممکن ہے انھوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طالب علموں کی تربیت اپنی اولاد کی طرح کریں تاکہ طالب علم کسی منفی سرگرمیوں سے دور رہ کر صرف اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور وہ معاشرے کے کارآمد اور باشعور فرد بن کر قوم اور ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ انھوں نے والدین کو اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ کسی منفی سرگرمی میں مبتلا نہ ہوں اور اپنے والدین کی مثبت خواہشات کے مطابق تعلیم حاصل کریں ۔ اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی نے اسکول کو زکوٰة فنڈ سے تین واٹر کولر اور تین پنگھے بھی دیے ۔ تقریب سے ضلعی زکوٰة کمیٹی کے چیرمین شیر محمد پیر زادہ نے زکوٰة فنڈ میں سے ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کے علاج اور بے سہارا اور مستحق خواتین کو ملنے والی زکوٰة کے حوالے سے تفصیلی عداد وشمار پیش کیے تقریب میں سیکریٹری لینڈ یوٹیلائیزیشن آفتاب میمن ، ڈی او سیکنڈری اسکول غلام فارق لغاری ، پی پی پی سندھ کے سینیر رہنما ملابخش مشوری کے علاوہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر بھی موجود تھے ۔

Latest from Blog