ابوظہبی(پی پی آئی/وام) متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں منعقدہ 13 ویں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن وزارتی کانفرنس کے دوران تجارت برائے ترقی کے پلیٹ فارم کی تیاری کے منصوبہ کا اعلان کیا یہ ایک تکنیکی امدادی پروگرام ہے جس میں ترقی پذیر اور کم ترقی یافتہ ممالک کے تجارتی حکام، مذاکرات کاروں اور پالیسی سازوں کی مدد کے لیے مفت دستیاب آن لائن ٹولز کے ذریعہ صلاحیت اور مہارت کو فروغ دیا جائے گا۔ پی پی آئی کے مطابق وزارتی سطح کے سیشن کے دوران، یو اے ای نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او کے آٹھوں ممبران ایتھوپیا، موزمبیق، اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، آذربائیجان، ازبکستان، کوموروس، کرغزستان اور بارباڈوس کے لیے یہ پلیٹ فارم ایک تحفہ ہے۔وزیر مملکت احمد علی الصایغ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنی دانشمندانہ قیادت کے وژن اور رہنمائی کے تحت اپنے کامیاب تجربات کو دنیا کے مختلف ممالک میں منتقل کرنے کا خواہاں ہے۔وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت اور ایم سی13 چیئرڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے کہا کہ مذاکرات کاروں کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ترقی پذیر ممالک کو ایسے معاہدوں کو تیار کرنے میں مدد کرنے کی کلید ہے جو ان کے بہترین مفادات کو برقرار اور طویل مدتی، پائیدار ترقی اور ملازمتوں کی تخلیق میں معاونت کرتے ہیں۔