پی ایم اے کے زیر اہتمام ڈاکٹروں کے قتل اور دھمکیوں کے خلاف اجلاس

کراچی: پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام کراچی میںڈاکٹروں کے قتل اور ان کو دی جانے والی دھمکیوں کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس پی ایم اے کراچی میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹر ی صحت سندھ اقبال درانی ، اسپشل سیکریٹریز صحت سید منصور عباس ، ڈاکٹر سریش کمار، ڈی آئی جی پولیس اے ڈی سلطان خواجہ ، رینجرز کے نمائندے بریگیڈیئر عبدالباسط ، کرنل الیاس اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مرزا علی اظہر، ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد ، کراچی کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر قاضی ایم واثق اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر منظور میمن کی شہادت پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا گیااور ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اس موقع پر سیکریٹر ی ہیلتھ اقبال درانی نے اعلان کیا کہ مرحوم کے ورثاءکو 50لاکھ معاوضہ دیا جائے گا ۔اور ان کے بیٹے کو سرکاری میڈیکل کالج میں داخلہ دیا جائے گا یا ان کے تعلیمی اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔ اور ان کے دوسرے بیٹے کو سرکاری ملازمت دی جائے گی ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس سندھ سلطان خواجہ نے کہا کہ تمام ایم ایل اوز کو جناح ہسپتال ، عباسی شہید ہسپتال ، سول ہسپتال اور دیگر سینٹر میں پک اینڈ ڈراپ سروس دی جائے گی ساتھ ہی پولیس گارڈ فراہم کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کو اسلحہ کے حصول میں ہماری بھرپور مدد ہو گی۔ جبکہ رینجرز کے برگیڈیئر عبدالباسط نے کہا کہ ڈاکٹروں کو اسلحہ چلانے کی تربیت دی جائے گی۔ میڈیکو لیگل ڈائریکٹوریٹ اور دیگر مسائل، ہیلتھ بل کمیشن کے حوالے سے آئندہ اجلاس پیر 19مئی کو سیکریٹری ہیلتھ کے ساتھ سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہو گا۔ اجلاس کے بعد تمام شرکانے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے ڈاکٹر منظور میمن کے گھر جا کر ان کے ورثاءسے تعزیت کی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Latest from Blog